جہلم: محرم الحرام کے دوران امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ محرم الحرام کنٹرول روم کا دورہ کیا اور یومِ عاشور کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان بھی موجود تھیں جبکہ متعلقہ افسران نے کنٹرول روم کے انتظامی، سیکیورٹی اور مانیٹرنگ نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سیف سٹی کیمروں، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم، جلوسوں اور مجالس کی نگرانی، حساس مقامات کی مانیٹرنگ، بین الادارہ رابطہ کاری اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور موثر نگرانی کے لیے تمام اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے اور تمام سرگرمیوں کی بروقت مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور پولیس فورس تمام سیکیورٹی انتظامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔

بعد ازاں یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے اعلیٰ فوجی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ جہلم شہر میں 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔

افسران نے جلوس کے راستوں کا پیدل معائنہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک اور بلدیاتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ جلوس کے تمام ذیلی راستوں کو خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کیا جائے جبکہ واک تھرو گیٹس کے ذریعے شرکاء کی سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کی مؤثر نگرانی کے لیے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جن کی لائیو مانیٹرنگ مرکزی کنٹرول روم سے کی جائے گی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔

دورے کے دوران متعلقہ اداروں کو لٹکتے ہوئے بجلی کے تار فوری درست کرنے، جلوس روٹس کی صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور ریسکیو 1122 و محکمہ صحت کے میڈیکل کیمپس کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، پولیس اور دیگر ادارے باہمی تعاون سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

انتظامیہ نے امن کمیٹی کے ارکان، لائسنس داران اور عزاداروں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ اوقات اور روٹس کی پابندی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button