ضلع جہلم میں امام مساجد کے لیے اعزازیہ پے آرڈرز کی تقسیم کا آغاز، خصوصی ڈیسک قائم

17

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں امام مساجد کے لیے اعزازیہ پے آرڈرز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد مذہبی پیشواؤں کی گرانقدر خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف کرنا اور ان کی معاشی معاونت کو یقینی بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر تحصیل جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان کی میونسپل کمیٹیوں میں خصوصی “اعزازیہ ڈیسک” قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان ڈیسک کا مقصد امام صاحبان کو طریقہ کار اور ضروری دستاویزات کی فراہمی میں مکمل معاونت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں اپنے اعزازیہ کے حصول میں کسی قسم کی دشواری یا انتظامی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تمام تحصیلوں میں امام صاحبان نے جنوری کے پے آرڈرز وصول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کیا۔ امام مساجد نے اس حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعزازیہ کی بروقت ادائیگی مذہبی طبقات کے احترام اور ان کی خدمات کی قدر افزائی کی عملی مثال ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اس پورے عمل کو انتہائی شفاف انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا ہے کہ پے آرڈرز کی تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کریں تاکہ تمام حق دار امام مساجد کو ان کا اعزازیہ بلا تاخیر مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرے کے ایک اہم طبقے کی فلاح و بہبود کی جانب مثبت قدم ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

Exit mobile version