محکمہ زراعت توسیع کی زیادہ گندم اگاؤ مہم، آگاہی ریلیاں اور فارم پروگرامز کا آغاز

پنڈدادنخان: محکمہ زراعت توسیع جلال پور شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق "زیادہ گندم اگاؤ” مہم کے تحت یونین کونسل جلالپور شریف کے مختلف دیہاتوں، سکولز اور کالجز میں آگاہی ریلیاں اور فارم پروگرامز کا آغاز کر دیا ہے۔
مہم کے دوران محکمہ کے سٹاف نے قصبات کی سطح پر فارم پروگرام منعقد کیے جن میں علاقے بھر کے زمینداروں اور کسانوں کو زیادہ گندم اگاؤ کے حوالے سے مفصل آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر زراعت کے انچارج امجد گوندل، فیلڈ انویسٹیگیٹر، اور تنویر احمد، سینئر فیلڈ اسسٹنٹ نے زمینداروں کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی نئی ترقی یافتہ اقسام کی کاشت کریں اور فی ایکڑ 50 سے 60 کلوگرام بیج استعمال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی ایکڑ ڈیڑھ بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری یوریا، اور ایک بوری پوٹاش کھاد کا استعمال کیا جائے تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔ علاوہ ازیں گندم کے بیماریوں سے پاک اور صاف بیج کے استعمال کے حوالے سے بھی زمینداروں کو مفصل ہدایات دی گئیں تاکہ فصل صحت مند اور معیار کے مطابق تیار ہو۔
محکمہ زراعت توسیع کے اہلکاروں نے اس موقع پر علاقے کے کسانوں کو عملی مشورے دئیے اور ہدایت کی کہ مہم میں بتائے گئے اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ زیادہ پیداوار کے ساتھ ملک کی زرعی خودکفالت میں اضافہ ممکن ہو سکے۔



