پنڈدادنخان میں موٹرسائیکل حادثہ، ایک طالب علم موقع پر جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں موٹرسائیکل حادثہ میں ایک طالب علم موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا طالب علم شدید زخمی ہو گیا، ڈیڈ باڈی اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ کوٹلی پیراں میں سکول سے واپسی پر دو طالب علم موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہو گئے۔ 15 سالہ سمیر ثاقب ولد اظہر سر پر شدید چوٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 15 سالہ طاہر عارف ولد عارف شدید زخمی ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمی طالب علم کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا جبکہ ڈیڈ باڈی کو بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔



