ضلع جہلم میں جشنِ آزادی کو منانے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس

جہلم: ضلع جہلم میں جشنِ آزادی 14 اگست کو بھرپور قومی جذبے اور جوش و خروش سے منانے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شہر سمیت ضلع بھر میں آزادی کی خوشیاں منانے کے لیے مختلف تقریبات، ریلیوں اور پرچم کشائی کی تقاریب کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر بھی بھرپور سرگرمیاں جاری ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ یہ تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا قیام محض ایک خطہ حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام اور اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لیے ہوا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آزادی کا یہ چراغ لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں روشن ہوا، جن میں مرد و خواتین نے اپنے جان، مال اور رشتے سب کچھ قربان کر دیا۔ آج بھی یہ قافلہ آزادی رواں دواں ہے، فرق صرف یہ ہے کہ ماضی میں یہ قیامِ پاکستان کی جدوجہد تھی اور آج یہ تکمیلِ پاکستان کی جدوجہد ہے، جس کے لیے ایک بار پھر ہمیں وہی جذبہ درکار ہے جو تحریکِ آزادی پاکستان کے دوران دیکھا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر امسال جشنِ آزادی کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مختلف تقریبات، قومی نغموں کے مقابلے، مشاعرے، سیمینارز، پرچم کشائی اور بچوں کے پروگراموں کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو قیام پاکستان کی اہمیت اور قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کو قومی اتحاد، یکجہتی اور نظم و ضبط کے ساتھ منائیں، تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی کی قدر جانتی ہے اور اپنے وطن کے استحکام کے لیے متحد ہے۔

Exit mobile version