دینہ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، پختہ تھڑے اور کھوکھے مسمار

41
دینہ: میونسپل کمیٹی دینہ نے مارکیٹوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران پختہ تھڑے، دیواریں، کھوکھے اور شٹرز کو گرا کر عوام کے لیے راستے کھول دیے گئے۔ راستے بند کرنے والے دو ورکشاپس کو بھی سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل اور تجاوزات انسپکٹر محمد عدیل بٹ نے ٹیم کے ہمراہ منگلا روڈ دینہ کی مارکیٹوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔
منگلا روڈ دینہ میں المحمود مارکیٹ، میاں عنصر مارکیٹ اور مرتضیٰ مارکیٹ میں گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس میں مارکیٹوں میں قائم پختہ تھڑے، دیواریں اور کھوکھے گرائے گئے اور عوام کے لیے گزرنے والے راستے کھول دیے گئے۔ جبکہ جی ٹی روڈ پر قائم سروس روڈ میں غیر قانونی تجاوزات پر دو ورکشاپس کو سیل کر دیا گیا۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی صورت غیر قانونی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور دوکاندار حضرات عوام کے لیے راستے کھولیں، ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل نے کہا کہ تمام مارکیٹوں میں قائم دوکانداروں کو کئی بار آگاہ کیا جا چکا ہے، مگر عمل نہ کرنے پر آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوبارہ تجاوزات قائم کی گئیں تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



