دینہ میں تجاوزات کے خلاف ایکشن، اسسٹنٹ کمشنر کا ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور منگلا روڈ کی مرمت کی ہدایات

39
دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے دینہ چوک، منگلا روڈ اور مین بازار سے ملحقہ گلیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ، الیکٹرک بسوں کے لیے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔
دورانِ معائنہ مین بازار کی تمام گلیوں سے ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ہٹا کر راستے صاف کر دیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی دینہ کو رکشہ اسٹینڈز کی منتقلی جبکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آ سکے۔
منگلا روڈ کی خراب حالت کے پیش نظر ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کے ایکسین کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ سڑک کی فوری مرمت کر کے حادثات کے خدشات کم کیے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک روانی بہتر ہو اور شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔



