سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب کار حادثہ، 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 7 افراد زخمی

سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر ترکی ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تین خواتین اور دو کمسن بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے سات افراد زخمی ہو گئے، جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لاہور جانے والی ایک کار کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں 42 سالہ عظیم، 28 سالہ شہراز، 22 سالہ حنا، 41 سالہ کریما، 3 سالہ ایزل اور 4 سالہ عائزل سمیت ایک اور خاندان کا فرد شامل ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹائر پھٹنے کے نتیجے میں پیش آیا جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سڑک سے ہٹ کر حادثے کا شکار ہو گئی۔



