اسلام آباد پریس کلب پر پولیس دھاوے کے خلاف جہلم پریس کلب کے صحافیوں کی شدید مذمت

جہلم:  اسلام آباد پریس کلب پر پولیس کے دھاوے اور صحافیوں کے خلاف غیر قانونی کارروائی پر جہلم پریس کلب کے صحافیوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس اور جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ اقدام آزادی صحافت پر حملہ اور آئین پاکستان کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور آواز ہے، اسے دبانے کی کوشش کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے اور اس قسم کے ہتھکنڈے آمریت کی یاد دلاتے ہیں۔

الیکٹرانک میڈیا کے صدر عامر کیانی نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور ذمہ داران کو کڑی سزا دے تاکہ مستقبل میں کوئی صحافت کی آزادی پر ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہ کر سکے۔

چئیرمین جہلم پریس کلب عابد نے اپنے ردعمل میں کہا کہ صحافی اپنے حقوق اور عوام کی آواز بلند کرنے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کسی بھی دھونس، دھمکی یا دباؤ کے باوجود قلم کی طاقت کو دبایا نہیں جا سکتا۔

Exit mobile version