پاک فوج نے پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا، چوہدری فرخ الطاف

دینہ: مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بری نظر سے دیکھنے والوں کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وہ جہلم کی تحصیل دینہ میں چوہدری غلام عباس کی جانب سے دی گئی پرتکلف دعوت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور دنیا نے دیکھا کہ کس طرح دشمن کے عزائم خاک میں ملائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔

چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں پر اپنے خون سے وطن عزیز کا دفاع کر رہی ہے اور حال ہی میں ڈومیلی کے علاقے ڈھوک شیراں کے نائب صوبیدار ندیم اصغر نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا، جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے بہادر سپوت اپنی قربانیوں سے تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پوری قوم متحد ہے اور ملک کا نام بلند ہو رہا ہے۔

علاقائی ترقی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل گڑھ محل کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، باغاں اڈہ سے چک الماس تک سڑک کا کام جلد شروع ہوگا، نالے کا سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ نرکھیاں روڈ پر بھی کام کا آغاز جلد متوقع ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ضلع کے غیور عوام اور سپوت جس بہادری سے کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ فخر ہے۔

تقریب میں چوہدری عمار فرخ، چوہدری غلام عباس، مہر محمد اشرف، چوہدری توقیر عباس، چوہدری مظہر، چوہدری ناصر، حاجی اسلام، خالد الطاف، محمد ثاقب، چوہدری عبدالشکور، راجہ عامر، قیصر محمود، چوہدری سکندر، رب نواز، شفیق محمود، مظہر عرف فوجی، ماسٹر جاوید، حاجی جیلانی، محمد مدثر، قاضی حسینی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

Exit mobile version