جہلم: جاڑے کے موسم میں بھی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ کچہری فیڈر بند ہونے سے تمام سرکاری امور ٹھپ ہو جاتے ہیں جبکہ مضافاتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو سرکل جہلم میں پچھلے کئی ماہ سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ کچہری فیڈر کی بندش سے سرکاری دفاتر کا کام ٹھپ ہو جاتا ہے اور دور دراز سے آئے سائلین مایوس ہو کر واپس لوٹ جاتے ہیں۔
لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مضافاتی علاقوں میں کاروبار مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ درزی، ویلڈر اور آرا مشینوں کے کاریگر دن بھر کام نہ ہونے کے باعث پریشان ہیں۔ اس کے علاوہ، بجلی کی بندش کی وجہ سے موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز بھی بند ہو جاتے ہیں، جس سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل ہو جاتی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات ختم ہوں اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
