جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، سینکڑوں افراد کی چیکنگ


جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے خصوصی سرچ آپریشنز کیے۔ ان آپریشنز کے دوران مختلف مقامات پر چیکنگ کی گئی اور شہریوں کی ویری فکیشن بھی عمل میں لائی گئی۔
ضلع بھر میں 8 مختلف مقامات پر سپیشل سرچ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 270 افراد کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی تصدیق پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے کی۔ اس کے علاوہ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سپیشل ناکہ بندی کی گئی اور سخت چیکنگ عمل میں لائی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اسلحہ ناجائز اور منشیات کی برآمدگی بھی ان آپریشنز کا ایک اہم حصہ ہے تاکہ امن و امان کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پولیس کی یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ ضلع جہلم کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔



