جہلم میں غیر قانونی ترک منشیات سنٹروں کی بھرمار، مریضوں کے علاج معالجہ کے نام پر لوٹا جانے لگا

جہلم: ضلع جہلم میں نشہ کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنےکے نام پر غیر قانونی ترک منشیات سنٹروں کی بھر مارہورہی ہے۔ نشئیوں کے لواحقین کو علاج معالجہ کے نام پر لوٹا جانے لگا۔
محکمہ صحت کی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث جہلم شہر سمیت گر دو نواح میں نشہ میں مبتلا افراد کو نشہ کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لئے غیر قانونی ترک منشیات سنٹرقائم کیے جارہے ہیں۔
بااثر مالکان ترک منشیات سنٹروں پر نشئیوں کو داخل کر کے علاج کے نام پر مریضوں کے لواحقین سے ہزاروں روپے ماہانہ اینٹھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ ترک منشیات اداروں کے مالکان مخیر حضرات سے بھی نشئیوں کے علاج معالجہ اور رہائش کھانے کی مد میں مددوصول کرتے ہیں۔
مریضوں کے لواحقین جو اپنے مستقبل اور سر پرستوں کو اس لعنت سے چھٹکارا دلانے اور ان کے علاج و معالجہ کیلئے ان سنٹروں میں داخل کروا دیتے ہیں اور اپنی جمع پونچی اور گھروں کے سامان وغیرہ فروخت کر کے ان ترک منشیات سنٹروں کو ماہانہ ہزاروں روپے دیتے ہیں جبکہ ترک منشیات سنٹر والے دو سے تین ماہ بمشکل ان مریضوں کو اپنے پاس علاج و معالجہ کے نام پر رکھتے ہیں صحت مند ہونے کا کہہ کرفارغ کردیا جاتا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور ایس او پیز پر پورا نہ اترنے والے ترک منشیات سنٹر بند کرنے کامطالبہ کیا ہے۔



