دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اپنی ہی والدہ کو اسلحہ کے زور پر ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس تھانہ دینہ کو اطلاع ملی کہ ایک شخص اپنے گھر میں والدہ پر اسلحہ کے زور پر تشدد کر رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دینہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد جیسے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
