جہلم شہر میں تجاوزات مافیا بے لگام، شہریوں کو آمد ورفت میں پریشانی

جہلم شہر میں تجاوزات مافیا بے لگام ، شہریوں کو آمد ورفت میں پریشانی ،سڑکوں پراشیاء کی فروختگی کے لئے نمائشی اشیاء سجانا رواج بن گیا، میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی عدم دلچسپی سے شہر تجاوزات کی زد میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں تجاوزات مافیا بے لگام ہوچکا ہے۔ اندرون شہر کی سڑکوں اور بازاروں میں دکانوں کے باہر اشیاء کی فروختگی کے لئے نمائش کے طور پر سجارکھی ہیں۔
میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی عدم دلچسپی کی وجہ سے شہر ایک بار پھر تجاوزات کی زد میں آچکا ہے ، شہر میں تجاوزات مافیا نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑھ لئے ہیں ۔ تجاوزات مافیا نے اپنا مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے۔
جہلم شہر کے مختلف مقامات اور بازاروں میں قائم کردہ دکانوں ، مارکیٹوں ،اور شہر کی سڑکوں پر دکانداروں نے ریڑھیوں پر مختلف اسٹالز سجا رکھے ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تجاوزات مافیا نے میونسپل کمیٹی کی آشیر باد سے تجاوزات قائم کرنا شروع کررکھی ہے ۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔



