جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں طبی خدمات کے معیار، علاج معالجے کے انتظامات اور مجموعی سروس ڈیلیوری کا جامع جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات، انتظامی امور اور ہسپتال کے مجموعی نظامِ کار کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف شعبوں میں طبی خدمات کی فراہمی، علاج معالجے کے طریقۂ کار اور انتظامی نظم و ضبط کا موقع پر مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ سے ہسپتال کے معمول کے امور اور طبی خدمات سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے ہسپتال انتظامیہ کو سروس ڈیلیوری کی مؤثر نگرانی، مریضوں کی بروقت رہنمائی اور علاج کے عمل میں تسلسل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دستیاب وسائل کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ دینے اور ہسپتال کے مختلف شعبوں میں انتظامی امور کو مزید منظم رکھنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال سے رجوع کرنے والے شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ متعلقہ انتظامیہ اور طبی عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرے اور مریضوں کو علاج معالجے کے حصول میں غیر ضروری دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ موثر انتظامی رابطے اور مسلسل نگرانی کے ذریعے سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کو منظم انداز میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں۔
