جہلم شہر کا تاریخی مقام "جوبلی گھاٹ”

دریائے جہلم کے کنارے مسجد افغاناں سے تھوڑے فاصلے پر اور موجودہ مسجد توحید کے بالکل سامنے واقع "جوبلی گھاٹ” ایک تاریخی مقام ہے۔
تاریخی اوراق کی ورق گردانی کی کی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ جوبلی گھاٹ کا پارک دھنپت رائے نے جارج پنجم کی تاج پوشی کی یاد میں بنوایا تھا۔ اس میں ایک بارہ دری بنوائی گئی تھی اور یہاں سے سیڑھیاں اتر کر دریا تک جاتی تھیں۔
مذہبی و سیاسی عوامی جلسوں کا انتظام یہاں ہوتا تھا۔
یہی وہ مقام ہے جہاں قائد اعظم محمد علی جناح اور راجہ غضنفر علی نے مسلم لیگ کے جلسے اور تقاریر کیں۔
یہیں پر خطیب ایشاء، جرنیل ختم نبوت امیر شریعت حضرت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ نے پرجوش خطاب کیا اور اسی مقام پر جہلم کے مولوی عبد المجید کو "ملنگ” کا خطاب ملا۔
اسی مقام پر دنیائے صحافت کا عظیم نام آغا شورش کاشمیری بھی اپنی یادگار تقریروں سے مجمع کو گرماتے رہے۔
1857ء کی جنگ آزادی کے سو سال مکمل ہونے پر اسی جوبلی گھاٹ کے مقام پر جنگ آزادی کے شہداء اور مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 1957ء میں ایک تاریخی جلسہ عام منعقد ہوا تھا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی تھی۔

اس تاریخی جلسہ عام کے مقررین میں خطیب ایشیاء، امیر شریعت حضرت سید عطاء اللہ شاہ بخاری، مولانا ظفر علی خان، آغا شورش کاشمیری، مولانا قاضی مظہر حسین چکوال، مولانا عبد اللطیف جہلمی، مولانا حکیم سید سید علی شاہ گیلانی ڈومیلی، مولوی عبد المجید ملنگ جہلمی جیسے عظیم زعمائے ملت شامل ہیں۔
1964ء میں محترمہ فاطمہ جناح اور جنرل محمد ایوب خان کے مابین ہونے والی سیاسی جدوجہد میں اسی مقام پر فاطمہ جناح نے جلسہ عام کیا اور جنرل محمد ایوب خان نے بھی اسی مقام پر تقریر کی۔
بعد ازاں سن 1974ء کی تحریک ختم نبوت، جہلم شہر میں قادیانیوں کے خلاف الاؤڈ سپیکر آرڈیننس کی تحریک، تحریک مدح صحابہ اور تحریک نظام مصطفیٰ وغیرہ میں عوامی اجتماعات اسی جوبلی گھاٹ کے مقام پر ہوتے رہے ہیں۔
اسی طرح مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا شاہ احمد نورانی، نوابزادہ نصر اللہ خان، حفیظ جالندھری اور احمد ندیم قاسمی جیسے حضرات بھی اس "جوبلی گھاٹ” کی زینت چکے ہیں۔
یعنی جوبلی گھاٹ ایسا تاریخی مقام ہے جس نے بڑے بڑے راہنماؤں کو دیکھا اور سنا ہے۔
یادش بخیر! کہ آج بھی مذہبی حوالے سے ضلع جہلم کی پہچان خطیب جہلم حضرت مولانا عبد اللطیف جہلمی رحمہ اللہ کا خانوادہ اس تاریخی تسلسل کو قائم رکھے ہوئے ہے اور ان کے مخلص رفقاء اور خدام کا قافلہ حریت ضلع جہلم کی سب سے بڑی مذہبی افرادی قوت کی صورت میں اپنا تشخص اور وجود رکھتا ہے۔
گزشتہ دنوں مؤرخہ 16 ستمبر 2025ء بروز منگل بعد نماز عشاء اسی مقام پر منعقد ہونے والی عظیم الشان "سیرت خاتم الانبیاء ﷺ کانفرنس” اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے جس میں بلا مبالغہ ہزاروں کی تعداد میں احباب اہل سنت نے شرکت کی۔
لکھاری قاری محمد نعمان فاروقی جامعہ صدیقیہ قادریہ کے مدیر اور مرکزی جامع مسجد مدنی محلہ شمالی ڈومیلی، ضلع جہلم کے خطیب ہیں.
(ادارے کا لکھاری کی رائے اور نیچے دیے گئے کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔)



