جہلم کیلئے نیا لیڈر زیر تیاری، حلقہ این اے 61 میں سیاسی فیکٹری کا کام شروع!

ابھی عوام نے دیکھا نہیں، مگر لیڈر صاحب کی آمد کی تیاریاں زوروں پر ہیں؛ منشور، وعدے، نعرے اور تصویریں سب مرحلہ وار تیار ہو رہے ہیں۔

جہلم والو! ذرا کان کھول کر سن لو، شہر میں ایک عدد نیا لیڈر تیار کیا جا رہا ہے۔ جی ہاں! بالکل نیا، تازہ دم، جدید ماڈل، ابھی آزمائشی مراحل میں ہے۔ حلقہ این اے 61 کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ فی الحال لیڈر صاحب کی تیاری جاری ہے، جیسے کسی نئی گاڑی کا ماڈل لانچ ہونے سے پہلے اس کی پالش، رنگ اور انجن چیک کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیڈر صاحب کی تیاری کے مختلف مراحل ہیں۔ پہلے مرحلے میں انہیں عوامی مسائل پر سنجیدہ چہرہ بنانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ دوسرے مرحلے میں ہر سوال کے جواب میں مسکرانے کی مشق کروائی جا رہی ہے۔ تیسرے مرحلے میں یہ سکھایا جا رہا ہے کہ اگر کوئی پوچھے کہ شہر میں پانی، سڑک، روزگار اور صحت کے مسائل کب حل ہوں گے تو فوراً جواب دینا ہے: ’’ان شاء اللہ، بہت جلد!‘‘

منشور بھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اس میں ہر مسئلے کے حل کا وعدہ شامل کیا جا رہا ہے۔ سڑکیں بھی بنیں گی، ہسپتال بھی بہتر ہوں گے، نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، مہنگائی بھی کم ہوگی اور جہلم کو ترقی کا ایسا تحفہ ملے گا کہ نقشے پر بھی چمکنے لگے گا۔ البتہ ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ وعدوں کی مدت سو دن ہوگی، چھ ماہ یا اگلے الیکشن تک!

لیڈر صاحب کو یہ بھی سمجھایا جا رہا ہے کہ عوام سے ملاقات کے دوران ہر شخص کو یوں محسوس ہونا چاہیے جیسے اس کی بات سب سے اہم ہے۔ اگر کوئی بزرگ شکایت لے کر آئے تو فوراً ہاتھ پکڑ کر کہنا ہے: ’’بابا جی! آپ کی بات میرے دل پر لگی ہے۔‘‘ اگر نوجوان نوکری مانگے تو اسے مستقبل کا معمار قرار دینا ہے، اور اگر کوئی دکاندار بجلی کے بل کا رونا روئے تو گہری سانس لے کر قومی معیشت پر تبصرہ کرنا ہے۔

سوشل میڈیا ٹیم بھی بنائی جا رہی ہے۔ ہر تصویر کے لیے الگ کیپشن ہوگا۔ کبھی ’’عوام کے درمیان‘‘، کبھی ’’عوامی خدمت کا عزم‘‘ اور کبھی ’’جہلم کی ترقی ہمارا مشن‘‘۔ تصویر میں اگر صرف تین لوگ بھی موجود ہوں تو کیپشن میں عوامی سمندر کا تاثر برقرار رکھا جائے گا۔ آخر سیاست میں تصویر بھی تو ایک مکمل بیان ہوتی ہے!

ادھر حلقے کے مسائل بھی فائلوں میں جمع کیے جا رہے ہیں۔ کہیں سڑک ٹوٹی ہوئی ہے، کہیں گلی میں پانی کھڑا ہے، کہیں نوجوان روزگار کی تلاش میں ہے اور کہیں شہری بنیادی سہولتوں کے منتظر ہیں۔ لیڈر صاحب کو بتایا جا رہا ہے کہ یہ سب مسائل انتخابی تقریر میں ضرور شامل کرنے ہیں، تاکہ عوام کو یقین ہو کہ انہیں اپنے مسائل کا پورا ادراک ہے۔

البتہ ایک اہم سوال ابھی تک حل طلب ہے کہ لیڈر صاحب عوام میں کب آئیں گے؟ ان کا پہلا جلسہ کہاں ہوگا؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ خود عوام کے مسائل سنیں گے یا پہلے سے تیار شدہ تقریر سنانے پر اکتفا کریں گے؟

فی الحال جہلم کے سیاسی موسم میں ایک نئی خبر گردش کر رہی ہے: این اے 61 کے لیے ایک عدد لیڈر زیرِ تیاری ہے! عوام سے گزارش ہے کہ حوصلہ رکھیں، جلد بازی نہ کریں۔ لیڈر کی تیاری مکمل ہونے دیں۔ جب تک وہ تیار ہو کر میدان میں آتے ہیں، عوام اپنے مسائل سنبھال کر رکھیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ لیڈر صاحب تشریف لائیں اور مسائل پہلے ہی حل ہونے کی امید میں تھک کر بیٹھ جائیں۔

اور ہاں! لیڈر صاحب کے لیے ایک آخری مشورہ: تقریر، تصویر، نعرہ اور منشور اپنی جگہ، مگر جہلم کو ایسا لیڈر چاہیے جو صرف الیکشن کے موسم میں نہیں، عام دنوں میں بھی عوام کے درمیان نظر آئے۔ کیونکہ عوام اب صرف لیڈر نہیں، کام کرنے والا نمائندہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

باقی لیڈر صاحب کی تیاری جاری ہے۔۔۔ عوام انتظار فرمائیں!

 

 

 

 

 

 

(ادارے کا لکھاری کی رائے اور نیچے دیے گئے کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔)

↑
Exit mobile version