پنڈدادنخان: ضلعی انتظامیہ نے نشہ آور اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں

پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور سی ای او ہیلتھ جہلم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے نشہ آور اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ اسی سلسلے میں ڈی ایچ او پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر نے اپنی تشکیل کردہ ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز پر اچانک چھاپے مارے۔
کارروائی کے دوران شہر کی بڑی فارمیسیز سمیت متعدد میڈیکل اسٹورز کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم کسی بھی مقام سے نشہ آور یا غیر قانونی ادویات برآمد نہیں ہوئیں۔ یہ چھاپے عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد کیے گئے تھے، جن میں نشہ آور ادویات کی فروخت کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور غیر معیاری و نشہ آور ادویات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی میڈیکل اسٹور سے نشہ آور یا غیر قانونی ادویات برآمد ہوئیں تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔



