جہلم میں جی ٹی روڈ پر کار اور ٹرک میں تصادم، 38 سالہ خاتون جاں بحق، 4 افراد زخمی

جہلم میں راٹھیاں کے قریب جی ٹی روڈ پر کار اور ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کار میں سوار پانچ افراد لاہور سے چکوال جا رہے تھے کہ راٹھیاں کے قریب ان کی گاڑی اچانک پیچھے سے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کے نتیجے میں 38 سالہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ کار میں سوار دیگر چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیورز نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں مزید علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام نے جاں بحق خاتون کی میت کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔



