جہلم: تعینات ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں نو تعینات ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ وہ جہلم کی تاریخ میں اس اہم انتظامی عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ڈپٹی کمشنر ہیں۔
عاصمہ اعجاز چیمہ (PAS/BS-19) کو پنجاب حکومت کی جانب سے سابق ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم تعینات کیا گیا تھا۔ انہیں اس سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب سے تبدیل کرکے جہلم میں تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے ضلعی انتظامیہ کے امور کی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی خدمت، انتظامی کارکردگی میں بہتری، شہریوں کے مسائل کے حل اور ضلع میں جاری ترقیاتی و فلاحی اقدامات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سابق ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے متوقع دورہ جہلم کے باعث انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026ء کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کرنے کی کوشش کے معاملے پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس اقدام کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔
