جہلم تا للِہ دو رویہ منصوبے کی تاخیر عوامی مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، راجہ محمد شفاعت

پنڈدادنخان: راجہ محمد شفاعت نے کہا ہے کہ جہلم تا للِہ دو رویہ 128 کلو میٹر سڑک منصوبے کی تاخیر نے عوامی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ خستہ حالی اور نامکمل منصوبے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اور سماجی تعلقات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
پنڈدادنخان کی یونین کونسل جلالپورشریف کے سابق ناظم راجہ محمد شفاعت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سڑک کی ابتر صورتحال کے باعث پنڈدادنخان اور جہلم کے مکین رشتہ داریاں ختم کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ دوسرے اضلاع میں مقیم عزیز بھی رشتے لینے اور دینے سے گریز کر رہے ہیں۔
راجہ محمد شفاعت نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر منصوبے کے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات اور علاقے کو معاشی خوشحالی مل سکے۔



