سوہاوہ پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، چار قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار

سوہاوہ پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، چار قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے داؤ پر لگی رقم، موبائل فون اور اصیل مرغ برآمد کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو جواء کھیلتے ہوئے موقع پر ہی دھر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں لیاقت، فہد، سعد اور شاہ رخ شامل ہیں، جو اصیل مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیل رہے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران داؤ پر لگی رقم 3,200 روپے، 3 عدد موبائل فون اور 3 اصیل مرغ برآمد کر لیے۔
ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے خلاف انسدادِ قماربازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قماربازی ایک لعنت ہے جو جرائم کو فروغ دینے کا سبب بنتی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



