جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے مسلمانوں کے لیے رحمتوں، برکتوں اور دعاؤں کی قبولیت کا ایک عظیم انعام ہے۔ اس بابرکت مہینے میں مسلمان اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور اس کی خاص رحمت کے طلب گار ہوتے ہیں، اس لیے ہمیں چاہیے کہ غریب، نادار اور مستحق بہن بھائیوں کی خصوصی مدد کریں، جو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے اور معاشرتی ہمدردی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اور اس مہینے میں ضرورت مندوں کی مدد کرنا نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کا سبب بھی بنتا ہے۔
انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اپنی مساجد کو دیدہ زیب لائٹنگ سے مزین کریں تاکہ بچے اور نوجوان زیادہ سے زیادہ مساجد کا رخ کریں اور نماز پنجگانہ، عبادات، ذکر و اذکار میں دلجمعی سے مشغول رہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد کا خوشگوار اور روحانی ماحول نوجوان نسل کو دین سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مزید بتایا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے پیش نظر شہر کے اہم مقامات، چوک چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر خصوصی لائٹنگ اور سجاوٹ کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہر میں روحانی اور خوشگوار ماحول قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ماہِ صیام میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے اور یہ سلسلہ پورے رمضان المبارک کے دوران جاری رہے گا۔
