پنڈدادنخان میں ناجائز اسلحہ فروخت کرنے والا ملزم گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

پنڈ دادنخان پولیس نے بغیر لائسنس کے ناجائز اسلحہ فروخت کرنے والے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان کی قیادت میں انچارج چوکی سٹی پنڈ دادنخان اور پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر لائسنس کے ناجائز اسلحہ فروخت کرنے والے محمد اقبال نامی ملزم کو دھر لیا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا، جن میں ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل، ایک عدد 30 بور پسٹل، پانچ عدد 7 ایم ایم میگزینز، پانچ عدد 9 ایم ایم میگزینز، تین عدد 30 بور پسٹل میگزینز، چار عدد 44 بور رائفل میگزینز، 210 عدد 12 بور کارتوس، 70 عدد 8 ایم ایم روند، ایک عدد ناکارہ ریوالور اور دو عدد 30 بور پسٹل شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق محمد اقبال یہ تمام اسلحہ بغیر لائسنس کے اپنے پاس رکھ کر غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی نیت سے ذخیرہ کیے ہوئے تھا جو کہ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او جہلم نے پولیس ٹیم کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع جہلم کو جرائم سے پاک رکھنے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

Exit mobile version