دینہ: عوامی خدمت کی عملی مثال قائم کرتے ہوئے انجمن تاجران کے صدر چوہدری محبوب احمد نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو لاکھوں روپے مالیت کے 4 بے بی وارمر، 2 انکیوبیٹر اور 1 بے بی مانیٹر بطور عطیہ فراہم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
اس موقع پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد تھیں جنہوں نے تقریب کا آغاز ربن کاٹ کر کیا۔ تقریب میں سینئر ایڈووکیٹ چوہدری راحیل احمد، فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ اور ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو سمیت متعدد افسران اور سماجی حلقوں کے افراد موجود رہے۔
تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو بے بی وارمر، انکیوبیٹر اور بے بی مونیٹر کی اشیاء کی اشد ضرورت تھی تاکہ نومولود بچوں اور مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کہا کہ چوہدری محبوب احمد کی بامعنی کوشش سے رورل ہیلتھ سنٹر اب ایک مثالی ادارہ بن چکا ہے جو نہ صرف بچوں بلکہ مریضوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی خدمت کا اعلیٰ نمونہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درد دل انسان چوہدری محبوب احمد نے اپنی عملی کاوش سے رورل ہیلتھ سنٹر کی موجودہ ضروریات کو پورا کیا جس کی بدولت یہاں کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
تقریب کے اختتام پر عوامی سماجی حلقوں نے چوہدری محبوب احمد کو ان کی بے لوث خدمت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شرکت کنندگان نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کے رورل ہیلتھ سنٹرز میں کہیں ایسی سہولیات میسر نہیں ہیں اور دینہ میں یہ اعزاز حاصل ہونا ایک نایاب واقعہ ہے۔
چوہدری محبوب احمد نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
