جہلم: آوارہ گردی، دھمکیاں اور گالم گلوچ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے اہم کارروائیاں کرتے ہوئے آوارہ گردی، دھمکیاں اور گالم گلوچ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ کالا گجراں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران آوارہ گردی، دھمکیاں دینے اور گالم گلوچ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ گردی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد عوامی مقامات پر بغیر کسی معقول وجہ کے مشتبہ سرگرمیوں میں مصروف تھے، جس پر انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب تھانہ کالا گجراں پولیس نے ایک اور اہم کارروائی کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور گالم گلوچ کرنے میں ملوث تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، بدامنی پھیلانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو قانون شکنی یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور معاشرتی بے امنی کا سبب بننے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button