جہلم میں پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، چار پیشہ ور بھکاری گرفتار

10

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔پولیس نے چار پیشہ ور بھکاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سٹی پولیس نے پہلی کارروائی میں تین پیشہ ور بھکاری ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ ایک اور علیحدہ کارروائی کے دوران ایک مزید پیشہ ور بھکاری کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ ملزمان مختلف شاہراہوں، چوکوں اور چوراہوں پر کھڑے ہو کر نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے تھے بلکہ ان کی موجودگی حادثات کا سبب بھی بن رہی تھی، جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق تھے۔

اس حوالے سے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پیشہ ور بھکاری شہری زندگی میں خلل اور ٹریفک حادثات کا باعث بنتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور انہیں خیرات دینے سے گریز کریں، تاکہ اس منظم عمل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی ایسے سماجی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور جہلم کو ایک محفوظ اور منظم شہر بنایا جا سکتا ہے۔

Exit mobile version