سوہاوہ: بڑاگواہ میں ٹریکٹر ڈیسک مقابلے، 130 سے زائد ٹریکٹرز کی شرکت، حبیب الرحمان کا ٹریکٹر فاتح قرار

سوہاوہ کے علاقہ بڑاگواہ میں 480 فیٹ ٹریکٹر ڈیسک کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے 130 سے زائد ٹریکٹروں نے بھرپور شرکت کی۔

ٹریکٹر مالکان نے اپنے ٹریکٹرز کو خوب سجا کر گراؤنڈ میں اتارا جبکہ ڈرائیورز نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے چکر مکمل کیے۔ مقابلے سے قبل ریفری کی جانب سے ہر ٹریکٹر کے ٹائرز اور ہک کو چیک کیا جاتا رہا، جبکہ باؤنڈری سے باہر ہونے پر چکر کو منسوخ کر دیا جاتا تھا۔

مقابلے میں ڈھوک عبداللہ بھیٹ کے حبیب الرحمان کے ٹریکٹر نے 1 منٹ 27 سیکنڈ میں چکر مکمل کر کے میدان مار لیا، جس پر جیتنے والی ٹیم نے بھرپور جشن منایا۔

مقابلہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی جبکہ موقع پر کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تقریب میں سابق ہیڈ ماسٹر راجہ محمد انور کیانی، راجہ عبیداللہ، راجہ قیصر شہزاد، ماسٹر ضیاء، پہلوان عدیل کیانی، راجہ وقار، راجہ فیصل سمیت دیگر معزز شخصیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔

مہمانانِ خصوصی نے کامیاب ٹریکٹر مالکان میں انعامات تقسیم کیے جبکہ راجہ کاظم کلیم کی جانب سے ڈومیلی میڈیا کو بہترین کوریج پر خصوصی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر بانی میلہ راجہ عامر، راجہ عادل اور راجہ عابد نے تمام مہمانوں، شائقین اور ٹریکٹر مالکان کا شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button