جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر پولیس لائن جہلم میں نمازِ عید ادا کی اور افسران و اہلکاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائیں۔
پولیس لائن جہلم میں نمازِ عید کا باجماعت انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر جہلم، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز سمیت پولیس افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعد ازاں ڈی پی او جہلم نے افسران و اہلکاروں کے ساتھ مل بیٹھ کر عید کا کھانا کھایا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
نماز کے بعد ڈی پی او جہلم نے افسران و اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان سے عید ملی اور عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عید خوشیوں کو بانٹنے، بھائی چارے کو فروغ دینے اور باہمی محبت کو مضبوط بنانے کا پیغام دیتی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسران و اہلکار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جہلم پولیس شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے اور عیدالفطر کے موقع پر بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی خوشیاں منا سکیں۔
