
جہلم میں سول لائن روڈ پر واقع گرلز سکول کے باہر فائرنگ کے واقعے میں خاتون سکول ٹیچر سمیت ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
تھانہ سول لائن کے علاقے چوک گنبد والی مسجد کے قریب دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد دونوں موٹر سائیکل سوار آپس میں جھگڑ پڑے۔ جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور ایک موٹر سائیکل سوار نے دوسرے پر فائرنگ کر دی۔
گولیوں کی زد میں آکر سڑک کراس کرتی ہوئی ایک خاتون سکول ٹیچر اور ایک راہگیر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔