جہلم میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے گیارہویں جماعت کا طالب علم جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ کالا گجراں کی حدود میں جی ٹی روڈ پر گنزہ مارٹ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں گیارہویں جماعت کا طالب علم تیز رفتار کار کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔
ویسٹ کالونی کا رہائشی گیارہویں جماعت کا طالب علم محمد رافع ولد محمد ازرم کالج سے چھٹی کے بعد گھر جا رہا تھا کہ گنزہ مارٹ کے قریب پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے اسے ٹکر مار دی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ طالب علم موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کی۔
پولیس نے کارروائی کے بعد متوفی طالب علم کی میت ورثاء کے حوالے کر دی۔ کم سن طالب علم کی اچانک اور المناک موت کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی فضا سوگوار ہوگئی جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
