جہلم: ایس ایل ایس کالج جہلم، جو اسلام آباد اور لاہور کے درمیان واحد IELTS ٹیسٹ کا مستند سنٹر اور برٹش کونسل اور اے ای او کا گولڈ پارٹنر انسٹیٹیوٹ ہے، کے طلبہ نے حال ہی میں اقبال لائبریری جہلم کا مطالعاتی دورہ کیا۔
اس دورے کی قیادت ایس ایل ایس کالج کے منیجنگ ڈائریکٹر سرفراز ملک نے کی، جو برٹش کونسل کے IELTS سرٹیفائیڈ ٹرینر بھی ہیں۔
اس مطالعاتی دورے کا مقصد طلبہ میں مطالعے اور تحقیق کا شوق بیدار کرنا تھا۔ طلبہ نے مختلف موضوعات پر مشتمل نایاب کتب کا مشاہدہ کیا اور خاص طور پر تاریخ اور ادب کی کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر سرفراز ملک نے کہا کہ “اقبال لائبریری جیسے علمی ادارے نوجوان نسل کے لیے علم و آگہی کے روشن مینار ہیں۔ مطالعہ ہی وہ روشنی ہے جو انسان کے فکری افق کو وسعت دیتی ہے۔”
اقبال لائبریری جہلم پاکستان کی قدیم ترین لائبریریوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کا قیام 1936ء میں عمل میں آیا، جب اسے اُس وقت لالہ لالپت رائے لائبریری کے نام سے اوتار نرائن نے قائم کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے “اقبال لائبریری” رکھا گیا۔
یہ لائبریری آج بھی ہزاروں نایاب اور قیمتی کتب کا خزانہ ہے، جو عوام الناس کے لیے مطالعے کے لیے دستیاب ہیں۔
تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ عظیم علمی ورثہ آج کل ویرانی کا شکار ہے۔ اکثر اوقات لائبریری سنسان رہتی ہے، صرف چند بزرگ حضرات روزانہ اخبار یا کوئی کتاب پڑھنے آتے ہیں۔ یہ تاریخی ورثہ ہماری علمی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہے، جس کی بحالی اور ترویج ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ایس ایل ایس کالج جہلم نے اس دورے کے ذریعے طلبہ کو مطالعے کی اہمیت کا عملی پیغام دیا کہ تعلیم صرف نصاب تک محدود نہیں بلکہ تحقیق اور علم کی جستجو ہی اصل کامیابی ہے۔
یاد رہے کہ ایس ایل ایس کالج مسلسل گزشتہ کئی برسوں سے ہائیئسٹ والیوم آف IELTS Awards حاصل کر چکا ہے اور اپنے اعلیٰ معیار، شاندار نتائج اور بین الاقوامی شہرت کے باعث ملک کا لیڈنگ IELTS انسٹیٹیوٹ تسلیم کیا جاتا ہے۔
