دینہ کے نیا محلہ میں ٹرانسفارمر خراب، پوری رات بجلی غائب، شدید گرمی میں شہریوں کا احتجاج

دینہ کے نیا محلہ نزد ریلوے اسٹیشن میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث علاقہ پوری رات بجلی سے محروم رہا، جس کے نتیجے میں شدید گرمی کے دوران خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ شہریوں نے آئیسکو حکام کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں گزشتہ رات تقریباً 11 بجے نیا محلہ کا بجلی کا ٹرانسفارمر اچانک خراب ہو گیا، جس کے باعث پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ اہلِ محلہ نے فوری طور پر آئیسکو دینہ کے لائن سپرنٹنڈنٹ کو اطلاع دی اور شدید گرمی کے پیشِ نظر خراب ٹرانسفارمر فوری تبدیل کرنے کی درخواست کی۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئیسکو دفتر میں اضافی ٹرانسفارمر موجود ہونے کے باوجود متعلقہ افسر نے رات کے وقت ٹرانسفارمر تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے بجلی صبح بحال کرنے کا مؤقف اختیار کیا، جس کے باعث مکینوں کو پوری رات شدید گرمی، حبس اور بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
اہلِ علاقہ کے مطابق بجلی کی طویل بندش سے خصوصاً بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد شدید متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضروری سامان اور متبادل ٹرانسفارمر دستیاب تھا تو بروقت بجلی بحال نہ کرنا شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیئرمین واپڈا، وفاقی وزیرِ بجلی اور آئیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسران کے طرزِ عمل کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولت کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



