پنڈدادنخان: للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف پنڈی سیدپور میں احتجاج

پنڈدادنخان: للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبہ عوام کے لیے عذاب بن گیا، ورکنگ کمیٹی کے ہمراہ عوام سراپا احتجاج بن گئے، پنڈی سید پور میں احتجاج کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی، ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سڑکوں کے باعث عوام پر خطر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ چند روز قبل کشتی ڈوبنے سے چھ قیمتی جانیں چلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے التوا کا شکار للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کا منصوبہ عوام کے لیے عذاب بن گیا، سڑک پر سفر کرنا محال حادثات معمول بن چکے ہیں۔ ورکنگ کمیٹی کے زیر نگرانی متعدد بار احتجاج ریکارڈ کروائے گئےلیکن سیاسی نمائندوں اور حکومت کی جانب سے مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
اتوار کے روز ورکنگ کمیٹی کے کنوینئر مفتی کرم بشیر کی زیر قیادت پنڈی سید پور کے مقام پر احتجاج کیا گیا جس میں تحصیل پنڈدادنخان بھر سے تاجر برادری، صحافیوں، سماجی کارکنوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے منصوبہ پر کام روکنے کے خلاف احتجاج کیا۔
اس موقع پر مفتی کرم بشیر، حاجی عبدالغفور، تیمور نواز جٹ و دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے، عرصہ دراز سے للِہ تا جہلم روڈ عوام کے لیے درد سر بن ہوا ہے۔ ہمسائے اضلاع کی سڑکوں کی تعمیر کا کام بعد میں شروع ہوہوا اور مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے، حادثات میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی قیمتی گاڑیوں کے نقصان ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کو تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھنا ہوگا اور انکا حل یقینی بنانا ہوگا ورنہ احتجاج کا یہ سلسلہ بڑھتا جائے گا ۔
یاد رہے چند روز قبل سگھر پور کے مقام پر دریائے جہلم میں کشتی ڈوبنے سے چار معصوم بچوں اور دو خواتین سمیت چھ قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا کیونکہ کھنڈر سڑکوں پر سفر کرنے کی اذیت سے بچنے کے لیے عوام کو پر خطر سفر کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔



