الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 45، فارم 46، فارم 48 اور فارم 49 اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق یہ فارم پولنگ ہونے کے بعد 14 روز کے اندر جاری کرنے کا پابند ہوتا ہے۔
8 فروری 2024 کو منعقدہ انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن 22 فروری تک اپنی ویب سائٹ پر انتخابات سے متعلق یہ اہم دستاویزات جاری کرنے کا پابند تھا جب کہ یہ اقدام انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
الیکشنز ایکٹ 2017 کا سیکشن 95 ریٹرننگ افسران کو پابند کرتا ہے کہ وہ ووٹوں کو یکجا کرنے کے 24 گھنٹوں کے اندر جامع انتخابی نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، اس کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس ان دستاویزات کو عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے انتخابات کے بعد 14 دن کا وقت ہوتا ہے۔
اب مقررہ قانونی مدت گزرنے کے 12 روز بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات 2024 کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 45، فارم 46، فارم 48 اور فارم 49 اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیے ہیں۔
ان فارمز ہر حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ڈالے گئے ووٹوں، امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں، تمام پولنگ اسٹشینوں کے مشترکہ ووٹوں اور تمام امیدواروں کی جانب سے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کے علاوہ مسترد ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کے سیریل نمبرز سمیت دیگر معلومات درج ہوتی ہیں۔
فارم 45
عام انتخابات ہوں یا ضمنی انتخاب، فارم 45 کا تذکرہ اور الزامات ہمیشہ ہی لگائے جاتے ہیں، فارم 45 عام طور پر ’رزلٹ آف دی کاوئنٹ‘ کہا جاتا ہے، اس اہم فارم میں پولنگ اسٹیشن کا نمبر، حلقے کا نام، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد، ڈالے گئے ووٹوں کی کل تعداد اور ہر امیدوار کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل شامل ہوتی ہے، امیدوار پولنگ اسٹیشن سے فارم 45 کے ذریعے اپنے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد خود گن سکتے ہیں۔
فارم 46
فارم 46 میں پولنگ اسٹیشن میں موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد، بیلٹ باکسز سے نکالے گئے بیلٹ پیپرز کی تعداد، چیلنج کئے گئے، غلط اور منسوخ شدہ بیلٹ پیپرز کی تعداد سے متعلق تمام معلومات موجود ہوتی ہیں، اس کے علاوہ فارم 46 میں غیر قانونی نتائج کے بارے میں بھی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
فارم 47
فارم 47 میں انتخابی حلقے کے غیر مصدقہ نتائج کے بارے میں معلومات شامل ہوتی ہیں، اس کے علاوہ اس فارم میں ڈالے گئے اور منسوخ کئے گئے ووٹوں کی تعداد کا بھی ذکر ہوتا ہے۔
فارم 48
الیکشن نتائج کی تیاری کے لئے فارم 48 سب سے اہم فارم ہے کیونکہ اس میں ایک حلقے میں ہر امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد شامل ہوتی ہے۔
فارم 49
فارم 49 پاکستان کے گزٹ میں شامل کیا گیا ہے اس فارم کو حتمی اور سرکاری نتیجے کا فارم بھی کہا جاتا ہے، فارم 49 میں امیدواروں کے نام، ان سے وابستہ سیاسی جماعتوں کے نام اور انتخابی حلقے میں حاصل کردہ ووٹ کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
