بھکاری بن کر گھروں کی ریکی کرنے والے سرائی گینگ کی 4 خواتین گرفتار

47
دینہ: پولیس کی کارروائی کے دوران بھکاری بن کر بند گھروں کی ریکی اور نقب زنی کے مقدمے میں ملوث سرائی گینگ کی چار لیڈی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھکاری بن کر بند گھروں کی ریکی اور نقب زنی کے مقدمے میں ملوث سرائی گینگ کی 4 خواتین کو گرفتار کیا اور تمام ٹھوس شواہد کے ساتھ انہیں عدالت میں پیش کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی اور چوری شدہ گھریلو سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی، تاکہ دیگر مجرموں کے لیے عبرت کا پیغام ہو۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں شہریوں کے اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔



