دینہ میں ایک اور گھر سے 3400 کلوگرام مضر صحت فنگس زدہ اچار برآمد

دینہ: فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کر کے شہریوں کو ناقص اچار کھانے سے بچا لیا، فوڈ اتھارٹی نے ایک اور گھر سے 3400 کلو گرام مضر صحت فنگس زدہ اچار برآمد کر کے تلف کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے بائی پاس روڈ دینہ پر ریکی کر کے مضر صحت اچار بنانے والا یونٹ پکڑ لیا، اچار یونٹ ایک گھر میں چھپا کر لگایا ہوا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 3400 کلو گرام مضر صحت فنگس زدہ اچار کو دینہ ڈپنگ سائٹ پر تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گھر میں لگے یونٹ سے مضر صحت اچار روزانہ ہوٹلوں اور دوکانوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ فنگس زدہ اچار کو ہوم ڈلیوری کے ذریعے بھی سپلائی کیا جانا تھا۔ اچار یونٹ کے مالک کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔



