دینہ میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق، 3 طلباء اور ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی

دینہ میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں 45 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ 3 طلباء اور ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر قائداعظم ٹاؤن کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 45 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ تین طلباء شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکول کی چھٹی کے بعد موٹرسائیکل سوار شخص بچوں کو گھر لے جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے انہیں کچل دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ صفدر حسین ولد چوہدری خالد سکنہ ڈوئیاں تحصیل دینہ کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ موٹرسائیکل نمبر ART-7058 پر تین بچوں کو سکول سے واپس لے جا رہے تھے کہ قائداعظم ٹاؤن نزد پل کے قریب ٹرک سے تصادم ہو گیا۔ حادثہ انتہائی شدید تھا جس کے نتیجے میں صفدر حسین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین بچے محمد ابراہیم عالم، فیضان عالم اور یسرا عابد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق شخص کی میت سمیت زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کر دیا۔ میت گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔
دوسری جانب جی ٹی روڈ دینہ نزد الکوثر گارڈن ایک اور ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں گاڑی نمبر AWD-93 نے ستھرا پنجاب کے ٹریکٹر نمبر JMS-164 کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے میں ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا جبکہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے گاڑی کا ڈرائیور محفوظ رہا۔
ریسکیو 1122 نے فوری رسپانس دیتے ہوئے زخمی ٹریکٹر ڈرائیور کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔



