ڈپٹی کمشنر جہلم کا دینہ کا دورہ، نالوں کی صفائی کا معائنہ، نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس گزشتہ روز تحصیل دینہ پہنچے جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں نالوں کی صفائی کے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موسم برسات کے دوران بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لئے نالوں اور سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی انتہائی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑے نالوں میں جمع ہونے والے کچرے کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور نکاسی آب کے نظام کو موثر بنایا جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے ڈپٹی کمشنر کو میونسپل کمیٹی دینہ کی جانب سے نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے لئے کئے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں اور بارشوں کے دوران شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانا اولین ترجیح ہے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔



