پنڈدادنخان میں پولیس نے 40 سالہ درزی کے قتل کا مقدمہ 2 نامزد ملزمان سمیت نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ للِہ کے نواحی گاؤں کندوال میں قتل ہونے والے 40 سالہ درزی ملک خان کا مقدمہ دو نامزد ملزمان محمد نعیم اور رضوان سمیت نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ملک خان کپڑے سلائی کا کام کرتا تھا، نامزد ملزمان مقتول کو گھر کے قریب بیٹھک میں ملنے آئے تھے۔ مقتول کافی دیر جب گھر واپس نہ آیا تو تلاش پر اہل خانہ کو گھر کے قریب ویران جگہ سے لاش ملی۔ محمد نعیم اور رضوان کی مقتول محمد خان سے رنجش چل رہی تھی۔
مقتول کے بھائی نے ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے پولیس کا بتایا کہ محمد نعیم اور رضوان نے باہمی صلاح مشورے سے نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر اس کے بھائی ملک خان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
تھانہ للِہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
