رشتہ کروانے کے بہانے شہریوں سے رقم ہتھیانے والی اشتہاری مجرمہ گرفتار

دینہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2023 سے ضلع منڈی بہاؤالدین کے تھانہ سول لائنز میں درج مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرمہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرمہ کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جو طویل عرصہ سے روپوش تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ شہریوں کو رشتہ کروانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم ہتھیاتی تھی اور واردات کے بعد فرار ہو جاتی تھی۔ جدید سائنسی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مجرمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



