پرنٹ میڈیا کی بقا کے لیے صحافی برادری کو متحد ہونا ہوگا، چوہدری عابد محمود

جہلم: چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کی موجودہ زبوں حالی انتہائی تشویشناک ہے اور اس صنعت کو بچانے کے لیے ملک بھر کی صحافی برادری کو متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اخباری صنعت سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے، مگر آئے روز بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور مہنگائی کے باعث اس شعبے کو شدید بحران کا سامنا ہے۔

چوہدری عابد محمود کا کہنا تھا کہ اخبارات بند ہو رہے ہیں اور میڈیا ورکرز بیروزگاری کا شکار ہو رہے ہیں، جو کہ ایک افسوسناک صورت حال ہے۔ اخباری صنعت سے وابستہ کئی افراد اس عمر میں ہیں جہاں وہ کوئی دوسرا روزگار اختیار کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ ایسے حالات میں صحافت جیسے اہم اور باوقار پیشے کو تنزلی کی طرف دھکیلنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں بھی عوام اخبارات کی خبروں کو معتبر، مصدقہ اور قابلِ اعتماد سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پرنٹ میڈیا آج بھی عوام کے لیے ایک موثر ذریعہ اطلاعات ہے۔

چیئرمین جہلم پریس کلب نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ اخباری کاغذ پر عائد ٹیکسز فوری طور پر ختم کیے جائیں اور دیگر رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے تاکہ پرنٹ میڈیا کو دوبارہ استحکام حاصل ہو اور صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اظہارِ رائے کی آزادی کے تحفظ اور صحافت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button