ضلع جہلم میں حساس اداروں اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن، 5 افغان باشندوں سمیت 7 ملزمان گرفتار

جہلم میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے افغان شہریوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چار غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا۔

ادھر پنڈدادنخان اور تھانہ للِہ کی حدود میں پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں اور مشتبہ عناصر کے خلاف سخت چیکنگ کی گئی۔ کھیوڑہ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گھروں اور دیگر مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی جبکہ ہوٹلوں اور سراؤں کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔ کارروائی کے دوران شناختی دستاویزات نہ ہونے پر دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے بھی اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور غیر قانونی قیام کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ڈی پی او جہلم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر ہرگز نہ دیں، کیونکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانے میں لازمی کروائیں اور شہری کسی بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button