میٹرک امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے امتحانی مراکز پر چھاپے

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر میٹرک کے امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے۔
ان دوروں کا مقصد امتحانی عمل، انتظامی امور اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ افسران نے امتحانی مراکز میں مانیٹرنگ سسٹم، عملے کی حاضری اور پیپرز کی ترسیل کے عمل کو چیک کیا۔
دورانِ معائنہ کمرہ امتحان میں روشنی، پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انتظامی افسران نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور امتحانات کو مکمل طور پر صاف، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے بہتر انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے اور طلبہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے امتحانات دے سکیں۔



