جہلم میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن، ذخیرہ شدہ آٹا اور گندم ضبط ہو گی

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جہلم میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے واضح کیا ہے کہ اندرونِ شہر سمیت ضلع بھر میں کسی بھی شخص کو گندم یا آٹا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آٹا چکی مالکان اور دکاندار اگر ذخیرہ اندوزی یا مہنگے داموں فروخت کرتے پائے گئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ کیے گئے آٹے کے تھیلے اور گندم کی بوریاں گوداموں سے برآمد کر کے سرکاری تحویل میں لی جائیں گی جبکہ ذمہ داروں پر بھاری جرمانے اور فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار کر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹا با آسانی دستیاب ہو سکے۔



