جہلم: قائم مقام ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جہلم اصغر مرزا نے ضلع کی معروف سماجی شخصیت اور ایڈووکیٹ چوہدری فرحت کمال ضیاء کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھرپور تعاون اور مثالی سماجی خدمات پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔
یہ اعزاز ضلعی انفارمیشن آفیسر کے دفتر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اصغر مرزا کا کہنا تھا کہ سماجی خدمات کسی بھی معاشرے کی مضبوطی کا بنیادی ستون ہیں، اور چوہدری فرحت کمال ضیاء ایڈوکیٹ نے ہمیشہ بلا امتیاز خدمتِ خلق کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے مختلف فلاحی اقدامات میں چوہدری فرحت کمال ضیاء کی عملی معاونت قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید مثال ہے۔ اصغر مرزا نے مزید کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی پالیسیوں اور ترقیاتی کوششوں کی کامیابی میں عوامی شخصیات کا تعاون اہم کردار ادا کرتا ہے، اور چوہدری فرحت کمال ضیاء کی خدمات دیگر افراد کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
شیلڈ وصول کرنے کے بعد چوہدری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی ضلعی انتظامیہ کے مثبت اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں اپنا فعال کردار جاری رکھیں گے۔
