چوہدری لطیف عرف ٹیپو کی جانب سے 800 سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان راشن پیکج کی تقسیم

سوہاوہ: بڑا گواہ کی معروف سماجی شخصیت چوہدری لطیف عرف ٹیپو نے انسانیت دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے رواں سال بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل 800 سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان راشن پیکج تقسیم کر دیا۔
اس فلاحی اقدام کا مقصد علاقے کے غریب، بیوہ اور نادار افراد کو رمضان المبارک کی برکات میں شریک کرنا اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
راشن پیکجز میں آٹا، چینی، چاول، گھی، بیسن، مختلف مصالحہ جات، کھجوریں اور مشروبات (شربت) سمیت روزمرہ استعمال کی تمام ضروری اشیائے خورونوش شامل تھیں، تاکہ سفید پوش طبقہ بلا جھجک اور باوقار طریقے سے رمضان کی تیاری کر سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ مستحق خاندانوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے نقدی کی صورت میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔
چوہدری لطیف عرف ٹیپو کے ترجمان کے مطابق یہ خدمتِ خلق گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل جاری ہے اور اس تمام فلاحی مہم کے اخراجات چوہدری لطیف اور ان کے اہلِ خانہ اپنی مدد آپ کے تحت برداشت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد علاقے کے کمزور طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا اور معاشرتی ذمہ داری کو عملی شکل دینا ہے۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے چوہدری لطیف عرف ٹیپو اور ان کے خاندان کے اس قابلِ تحسین جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے جبکہ عوامی سطح پر اس اقدام کو فلاحی خدمات کی ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔



