ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دینہ کا اچانک دورہ کیا اور رورل ہیلتھ سنٹر میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور طبی عملے کی حاضری کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے اچانک دورے کے باعث ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ دورے کے دوران ہسپتال عملے نے ڈپٹی کمشنر کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔
میر رضا اوزگن نے صفائی ستھرائی، مریضوں کو بروقت ریلیف اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کلینک کے مختلف شعبوں، ادویات کے اسٹور روم اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولیات کے حوالے سے براہِ راست دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد تونیو، انچارج رورل ہیلتھ سنٹر اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔



