پاکستان پوسٹ نے ڈاک مہنگی کردی، یکم اکتوبر سے نئے نرخ نافذ

جہلم: پاکستان پوسٹ نے واک اِن صارفین کے لیے اندرونِ ملک ڈاک کی مختلف سروسز کے نرخوں پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے نئے ٹیرف کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔
نظرِ ثانی شدہ نرخ پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ کے 12 اگست کو منعقدہ اجلاس میں منظور کیے گئے ہیں، جن کے تحت عام و رجسٹرڈ خطوط، ویلیو پی ایبل لیٹر، رجسٹرڈ پارسل، ویلیو پی ایبل پارسل، مطبوعہ کاغذات، تعلیمی و درسی کتب اور دیگر ڈاک سروسز کے نرخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔
نئے ٹیرف کے مطابق عام خط کے لیے 20 گرام تک 40 روپے، 50 گرام تک 80 روپے، 100 گرام تک 100 روپے، 250 گرام تک 140 روپے، 500 گرام تک 170 روپے، ایک کلوگرام تک 250 روپے، ڈیڑھ کلوگرام تک 320 روپے جبکہ 2 کلوگرام تک کے عام خط کے 400 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
رجسٹرڈ خط کی رجسٹریشن فیس 40 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئے نرخوں کے تحت 20 گرام تک رجسٹرڈ خط 80 روپے، 50 گرام تک 120 روپے، 100 گرام تک 140 روپے، 250 گرام تک 180 روپے، 500 گرام تک 210 روپے، ایک کلوگرام تک 290 روپے، ڈیڑھ کلوگرام تک 360 روپے اور 2 کلوگرام تک رجسٹرڈ خط 440 روپے کی مجموعی فیس کے ساتھ ارسال کیا جا سکے گا۔
ویلیو پی ایبل لیٹر (VPL) کے لیے ڈاک چارجز اور مقررہ رجسٹریشن فیس کے علاوہ 20 روپے اضافی وی پی فیس لاگو ہوگی۔ اس حساب سے 20 گرام تک وی پی لیٹر کی مجموعی فیس 100 روپے، 50 گرام تک 140 روپے، 100 گرام تک 160 روپے، 250 گرام تک 200 روپے، 500 گرام تک 230 روپے، ایک کلوگرام تک 310 روپے، ڈیڑھ کلوگرام تک 360 روپے اور 2 کلوگرام تک 460 روپے مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹرڈ پارسل کے لیے رجسٹریشن فیس بڑھا کر 80 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ نئے ٹیرف کے تحت ایک کلوگرام تک پارسل 260 روپے، 3 کلوگرام تک 400 روپے، 5 کلوگرام تک 540 روپے، 10 کلوگرام تک 760 روپے، 15 کلوگرام تک 980 روپے، 20 کلوگرام تک 1210 روپے، 25 کلوگرام تک 1440 روپے اور 30 کلوگرام تک پارسل 1660 روپے میں بھیجا جا سکے گا۔ 30 کلوگرام سے زائد وزن کے پارسل پر 30 روپے فی کلوگرام اضافی چارجز وصول کیے جائیں گے۔
ویلیو پی ایبل پارسل (VPP) بھیجنے والے صارفین کے لیے 20 روپے اضافی وی پی فیس مقرر کی گئی ہے۔ نئے ٹیرف کے مطابق ایک کلوگرام تک وی پی پارسل 280 روپے، 3 کلوگرام تک 420 روپے، 5 کلوگرام تک 560 روپے، 10 کلوگرام تک 780 روپے، 15 کلوگرام تک 1000 روپے، 20 کلوگرام تک 1230 روپے، 25 کلوگرام تک 1480 روپے اور 30 کلوگرام تک 1680 روپے کی مجموعی فیس کے ساتھ بک کیا جا سکے گا، جبکہ وی پی پارسل پر مقررہ ٹیرف بھی لاگو ہوگا۔
دیگر مطبوعہ کاغذات (Printed Papers) کے لیے 50 گرام تک 30 روپے، 50 گرام سے زائد اور 250 گرام تک 50 روپے، 250 گرام سے زائد اور ایک کلوگرام تک 70 روپے جبکہ ایک کلوگرام سے زائد اور 2 کلوگرام تک 110 روپے نرخ مقرر کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تعلیمی اور درسی کتب کی ترسیل کے نرخوں میں بھی ردو بدل کیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کے تحت 250 گرام تک 50 روپے، 250 گرام سے زائد اور ایک کلوگرام تک 100 روپے، ایک کلوگرام سے زائد اور 2 کلوگرام تک 140 روپے، 3 کلوگرام تک 190 روپے، 4 کلوگرام تک 230 روپے، 5 کلوگرام تک 290 روپے، 6 کلوگرام تک 320 روپے اور 7 کلوگرام تک 369 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح چھوٹے پیکٹوں (Small Packets) کے چارجز بھی نظرِ ثانی کے بعد مقرر کیے گئے ہیں۔ 100 گرام تک 20 روپے، 100 گرام سے زائد اور 200 گرام تک 40 روپے، 200 گرام سے زائد اور ایک کلوگرام تک 70 روپے جبکہ ایک کلوگرام سے زائد اور 2 کلوگرام تک 80 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان پوسٹ کی جانب سے ایک دیرینہ مثبت روایت کے تحت نابینا افراد کے خصوصی لٹریچر کے لیے 7 کلوگرام تک ڈاک کی ترسیل بدستور بالکل مفت رکھی گئی ہے۔
دریں اثنا، تیز ترین ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی ارجنٹ میل سروس (UMS) کے نرخوں پر بھی نظرِ ثانی کی گئی ہے۔ نئے ٹیرف کے تحت مختلف ڈاک سروسز کے نرخوں میں کی جانے والی تبدیلیاں یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گی۔



